اسلام آباد(نیوز ڈیسک) امریکا نے اپنی سفری پابندیوں کی فہرست میں توسیع پر غور شروع کر دیا ہے، جس کے بعد اس فہرست میں شامل ممالک کی تعداد 19 سے بڑھ کر 30 سے زیادہ ہوسکتی ہے۔امریکی محکمۂ ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نائم کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایسے مزید ملکوں پر پابندیاں لگانے کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں جنہیں امریکی حکام سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر خطرے کی فہرست میں شامل سمجھتے ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو بنیاد بناتے ہوئے 19 غیر یورپی ملکوں کے شہریوں کی امیگریشن سے متعلق تمام درخواستیں روک دی تھیں، جن میں گرین کارڈ اور شہریت کی کارروائی بھی شامل تھی۔
رائٹرز کے مطابق جون کے دوران انہی ملکوں پر پہلے سے موجود پابندیوں کو مزید سخت کیا گیا۔افغانستان، برما، چاڈ، کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن ان ملکوں میں شامل ہیں جن پر امریکا میں داخلے پر مکمل قدغن لگائی گئی ہے۔اس کے علاوہ برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا کو جزوی پابندیوں کا سامنا ہے، جس میں ویزوں اور سفری اجازت ناموں پر مختلف نوعیت کی رکاوٹیں برقرار ہیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال مسلسل زیرِ نظر ہے اور امکان ہے کہ آئندہ مزید ممالک کو بھی اس فہرست میں شامل کیا جا سکتا ہے۔















































