اسلام آباد( آن لائن) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے خادم اعلیٰ کا لبادہ اوڑھ کر کرپٹِ اعلی بننے والے کے حساب دینے کا وقت ہے، 10سالوں میں ذاتی اثاثے 85 فیصد بڑھانے والے قومی مجرم ہیں۔ ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے
بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شہباز گل کا کہناتھا کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ ، کک بیکس اور دیگر کرپشن کے کیسسز میں اندر ہیں، شہباز شریف اور انکے خاندان نے 26 ملین ڈالرز کی منی لانڈرنگ کی ،10 سالوں میں ذاتی اثاثے 85 فیصد بڑھانے والے قومی مجرم ہیں، یہ وہ ڈھیٹ غلام ہیں جو جیل سے نکلنے پر کرپشن کے سورماؤں کو کندھوں پر اٹھا لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ کا لبادہ اوڑھ کر کرپٹِ اعلی بننے والے کے حساب دینے کا وقت ہے، پاکستان تحریک انصاف ملک لوٹنے والوں کے احتساب کی ذمہ داری پوری کرکے رہے گی، معیشت کے مثبت اشارے درباریوں اور مفاد پرست ٹولے کیلئے باعثِ تکلیف ہے، اسحاق ڈار کی زمین بوس کی گئی معیشت کی بحالی پر پٹواریوں کی بوکھلاہٹ دیدنی ہے ۔