لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ پی ڈی ایم کے غیرذمہ دارانہ رویے کے باعث کورونا کے مرض میں اضافہ ہوا ہے،پنجاب میں گزشتہ24گھنٹے کے دوران کورونا کے
584نئے کیس سامنے آئے اور36مریض جاں بحق ہوئے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 130706 تک پہنچ گئی ہے جبکہ لاہور میں مریضوں کی تعداد 63963 تک بڑھ چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی دوسری لہر پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ہے-عوام کورونا سے بھی بچیں اور پی ڈی ایم کی تخریبی سیاست سے بھی۔ ان عناصر نے عوام کی زندگیوں کو دائوپر لگانے میں کوئی کسرنہیں چھوڑی- انہوں نے کہاکہ راجکماری او رکینزائوں کا چورن اب نہیں بکے گا جبکہ سندھ کا شہزادہ چین کی بانسری بجاتا رہے گا اورمولانا پھر ہاتھ ملتے رہ جائیں گے- بہروپیوں کا یہ ٹولہ عوام کے سامنے بری طرح بے نقاب ہوچکا ہے-اپوزیشن عناصر کی دال نہ پہلے گلی نہ آئندہ گلے گی اور یہ پرانی تنخواہ پر واپس جا کر کام کرتے رہیں گے ۔