اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے کے پی کے ٹیچرز کو بحال کرنے کا فیصلہ معطل کر تے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کیخلاف کے پی حکومت کی اپیلیں سماعت کے لیے منظور کر لیں ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے کہاکہ
سابق ادوار میں سیاسی ترجیحات پر دھڑا دھڑا ٹیچرز کی بھرتیاں ہوئیں۔ جسٹس منیب اختر نے کہاکہ سیاسی ترجیحات ہونا ایک الگ چیز ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ پہلے یہ بتائیں آپکا کیس کیا ہے۔ ایڈوکیٹ جنرل شمائل بٹ نے کہاکہ جن ٹیچرز کو بھرتی کیا گیا وہ کوالیفائیڈ نہیں تھے۔ جسٹس منیب اختر نے کہاکہ عدالت کو پیش دستاویزات پشاور ہائیکورٹ میں پیش کی گئی ،کے پی محکمہ تعلیم سمجھتا ہے عدالت ہر دستاویز کو پذیرائی ملے گی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ ہمارا تو کیس یہ ہے یہ تمام بھرتیاں ریکورائرمنٹ پوری کیے بغیر ہوئی۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرکے سماعت سرما تعطیلات کے بعد تک ملتوی کردی۔