لاہور،اسلام آباد( این این آئی )وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ بچے گھروں میں رہ کر محفوظ ہیں، حالات بہتر ہوتے ہی تعلیمی ادارے کھول دئیے جائیں گے۔تعلیمی اداروں میں چھٹیاں دینے کا فیصلہ درست تھا کیونکہ ہم بچوں کی جانوں کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے تھے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، بچوں کی جانیں عزیز ہیں، حالات جیسے ہی بہتر ہوجائیں تعلیمی ادارے بھی کھل جائیں گے۔دریں اثنا ملک میں کورونا وائرس سے ایک روز میں ریکارڈ 105 مریض چل بسے ، مزید 2731 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں 38 ہزار 28 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 2731 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ 105 ریکارڈ اموات بھی ہوئیں۔این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد9 ہزار10ہوگئی ہے ، مجموعی کیسز 4 لاکھ 45977 تک جا پہنچے ہیں جن میں ایکٹو کیسز کی تعداد 48ہزار369 ہے۔این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات سندھ میں ہوئیں جن کی تعداد 58 ہے ، دوسرے نمبر پر پنجاب میں 30، کے پی 12، اسلام آباد 2، بلوچستان ایک اور آزاد کشمیر 2 اموات ہوئیں۔این سی او سی کے مطابق اب تک 3 لاکھ 88598 افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں۔