لاہور( این این آئی) مسلم لیگ(ن) کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا،گورنر چوہدری سرور اراکین اسمبلی کے استعفے روکنے کے لئے اپنی کاوشیں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو لیگی اراکین اسمبلی کواستعفے دینے سے روکنے کا ٹاسک دیا گیاہے،گورنر پنجاب اپنے زیراثر اور قریبی لیگی اراکین کے ساتھ رابطے کریں گے اور انہیں استعفے دینے سے روکیں گے، گورنر پنجاب کو ٹاسک دیا گیا کہ لیگی اراکین کو روکا جائے کہ وہ استعفے قائدین کو مت دیں جس حد تک اپوزیشن اراکین کے استعفے روکے جاسکیں روکے جائیں۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ لیگی اراکین کو پی ٹی آئی میں ساتھ ملانے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے، گورنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ لیگی اراکین اگر پی ٹی آئی میں آنا چاہیں تو انہیں ساتھ شامل کیا جائے اور انہیںانہی کے حلقوں سے ضمنی انتخابات میں ٹکٹ بھی دیا جاسکتا ہے۔