اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چک نمبر 238 ر ب اعوان والا تحصیل و ضلع فیصل آباد صدر کا رہائشی محمد امتیاز ولد نزیر احمد کمہار اپنے گائوں میں سائیکل اور موٹرسائیکل کو پنکچر لگا کر اپنے چھوٹے پانچ بہن بھائیوں کا پیٹ پالتا ہے ۔روزنامہ جنگ میں شائع خبر کے مطابق
گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو لاہور پنجاب کی طرف سے دس صفحات پر مشتمل اسے ایک نوٹس بذریعہ ڈاک ملا ہے جس میں اسے 80 لاکھ 4 روپے ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔نوٹس میں لکھا ہے کہ آپ نے آٹھ جون کو ہنزہ شوگر ملز لمیٹڈ گوجرہ سے اربوں روپے مالیت کی چینی خریدی ہے جس پر آپ نے ٹیکس نہیں دیا اور اس سے پہلے بھی آپ بڑے عرصہ سے کھربوں روپے کا شوگر ملز میں کاروبار کر رہے ہیں اور نان فائلر ہیں۔محمد امتیاز نے بتایا ہے کہ میں نے اپنی زندگی میں کوئیبینک اکائونٹ کھلوایا ہے اور نہ ہی کوئی بینک کے ساتھ لین دین کیا ہے حتیٰ کہ میں نے زندگی میں بینک کا چیک بھی نہیں دیکھا۔مستری محمد امتیاز نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ میرا شناختی کارڈ استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور اسی لاکھ روپے کے ٹیکس سے میری جان چھڑوائی جائے۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ایسے کئی واقعات منظر عام پر آچکے ہیں ۔