لاہور (پ ر )وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کورونا صورتحال پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر پہلے کی نسبت زیادہ خطرناک ہے۔عوام احتیاط کریں اورماسک لازمی پہنیں۔پی ڈی ایم کا ٹولہ عوام کو اپنی منفی سیاست کی بھٹی میں جھونکنے کے درپے ہے۔24گھنٹے کے دوران پنجاب میں کورونا کے670کنفرم کیسز سامنے آئے
اور24مریض جاں بحق ہوئے اورپنجاب میں کورونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد19474 تک پہنچ گئی ہے۔اب تک پنجاب میں کورونا سے3115 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صورتحال خطرناک ہے لیکن اس کے باوجودپی ڈی ایم کے مایوس عناصر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انسانی زندگیاں نگلنے والی منفی سیاست انتہائی قابل مذمت ہے۔ایسی سیاست کرنے والے عناصر کا حشر پہلے بھی برا ہواہے اورآئندہ بھی برا ہوگا۔