لاہور (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے محکمہ صحت پنجاب کو انصاف ہیلتھ کارڈ اور انصاف میڈیسن کارڈ کے اجراء کے سلسلے میں دیا گیا ٹارگٹ پورا نہ کرنے پر وزیراعظم محکمہ صحت پنجاب کی کارکردگی پر برہم ہوگئے
اور انہوں نے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو آڑھے ہاتھوں لیا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے محکمہ صحت پنجاب کو 72 لاکھ انصاف ہیلتھ کارڈ اور انصاف میڈیسن کارڈ کے اجراء کا ٹارگٹ دے رکھا تھا۔ لیکن محکمہ صحت پنجاب اب تک صرف 52 لاکھ کارڈ بنا سکا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے صوبائی وزیر صحت سے اس سلسلے میں جب جواب طلبی کی تو ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعظم کو یقین دہانی کروائی کے وہ دو سالوں میں کارڈز کے اجراء کا ٹارگٹ پورا کرلے گی جس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ مجھے دو سال نہیں چاہئے مجھے صرف پنجاب میں سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر مستحق شہریوں میں کارڈ کا اجراء چاہئے۔