گلگت (مانیٹرنگ ڈیسک )گلگت بلتستان میں انتخابات کے بعد ہنگامہ آرائی کے دوران نوجوان نے شعلے سے بھڑکتی گاڑی سے قومی پرچم اتار لیا۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ہار تسلیم نہ کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اس دوران نامعلوم مظاہرین کی
جانب سے گاڑیوں کو آگ لگادی گئی تھی۔نجی ٹی وی اے آر وائے کے مطابق مشتعل مظاہرین نے عبوری حکومت کے وزیر کی سرکاری گاڑی کو بھی آگ لگائی، وزیر کی سرکاری گاڑی پر قومی پرچم لگا ہوا تھا، نوجوان نے جان کی پرواہ کیے بغیر شعلے سے بھڑکتی گاڑی سے قومی پرچم اتار لیا۔وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پورنے قومی پرچم کو بچانے والے نوجوان سے خصوصی ملاقات کی اور نوجوان کو اس اقدام پر 50 ہزار روپے کیش انعام بھی دیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن جماعتوں نے جی بی حلقہ دو میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے باوجود ہار تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے پرتشدد مظاہرے شروع کردئیے تھے، مشتعل مظاہرین نے سرکاری گاڑی بھی نذر آتش کردی تھی۔یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے دوبارہ گنتی میں بھی پی ٹی آئی کے امیدوارفتح اللہ خان کامیاب ہوئے جبکہ پی پی امیدوار جمیل احمد کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔