اسلام آباد(آن لائن ) پاکستا ن نے بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت کے پاکستان بارے غیرذمہ دارانہ اور شرانگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔دفتر خا رجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کا پاکستان کے خلاف مسلسل واویلاایک طرف
ان کے پاکستان کے بارے میں حقائق سے مکمل طورپر نہ بلد ہونے اور دوسری طرف ان کے کھلے سیاسی طرز عمل کا مظہر ہے۔ ان کی بیان بازی ’آر۔ایس۔ایس‘، ’بی۔جے۔پی‘ ذہنیت کی کھلی عکاسی ہے۔ یہ ’ہندتوا‘ انتہاء پسند سوچ اور ’اکھنڈ بھارت‘ کے توسیع پسندانہ عزائم کا خطرناک میلاپ ہے۔ یہ امر افسوسناک ہے کہ یہ ذہنیت بھارت کی مسلح افواج سمیت تمام بھارتی اداروں میں سرایت کرچکی ہے۔ بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی داخلی و خارجی سطح پر بھارت کی غلط کاریوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتی۔ ’ہندتوا‘ پالیسز کے نتیجے میں بھارت کے اندر مذہبی مقامات کا تقدس مسلسل پامال کیاجارہا ہے، ریاستی سرپرستی میں جنونی جتھے راہ چلتے لوگوں کو قتل کرتے ہیں جبکہ اقلیتوں اور معاشرے کے کمزور طبقات پرظلم وجبر ہر روز بڑھتاجارہا ہے۔ سب سے بڑھ کر غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشت گردی کو بھارت منظم ریاستی پالیسی کے طورپر استعمال کررہا ہے۔ جنرل راوت کے لئے بہتر ہوگا کہ وہ پاکستان مخالف واویلا کرکے اپنا کیرئیر بنانے کے بجائے اپنے پیشہ وارانہ دائرے میں رہیں۔