کراچی (این این آئی) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن گاکا نے پی آئی اے کو القسیم کے لئے پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دیدی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن سعودی عرب کے شہر القسیم کے لیے18نومبر
سے پروازیں آپریٹ کرے گی۔سعودی ایوی ایشن گاکا کی اجازت ملنے کے بعد پی آئی اے نے پروازوں کا شیڈول جاری کردیا۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پہلی پرواز18نومبر کو ملتان سے القسیم کیلئے روانہ ہوگی، پی آئی اے القسیم کیلئے ایئر بس 320طیارے آپریٹ کریگی۔یاد رہے کہ پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں القسیم کیلئے پروازوں کی استدعا کی تھی۔ترجمان پی آئی اے کا پروازوں کی اجازت سے متعلق کہنا ہے کہ القسیم میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے جنہیں پی آئی اے کی پروازوں سے سفری سہولیات میسر ہوں گی، ترجمان کے مطابق پی آئی اے القسیم کے لیے ملتان اور اسلام آباد سے پروازیں آپریٹ کرے گی۔