اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے تبصرے میں عمران خان اور ایاز صادق کے حوالے سے ایک واقعہ بتایا ، انہوں نے کہا کہ ایاز صادق اور عمران خان کا آپس میں بڑا عجیب تعلق ہے، یہ دونوں ایچی سن میں پڑھے ہیں۔
اس سے پہلے یہ بچپن کے بھی دوست ہیں، بچپن کے اس طرح دوست ہیں کہ عمران خان کرکٹ میں آگئے اور یہ ہاکی میں آگئے۔انہوں نے کہا کہ چند ہی روزپہلے میری ایاز صادق کے ساتھ ایک تقریب تھی وہاں پر کھانا کھایا۔ایاز صادق اصل میں عمران خان کیلئے بڑے اچھے خیالات رکھتے ہیں۔ ایاز صادق کہتے ہیں کہ ایک بار ہاکی کا میچ ہورہا تھا، میں اور عمران خان اس وقت تیسری کلاس میں پڑھتے تھے۔اس میچ میں مجھ سے غلطی سے عمران خان کو ہاکی لگ گئی تھی، عمران خان گر پڑے، ان کو کافی چوٹیں لگیں، خون بھی نکل آیا۔بعد میں ہماری دوستی بھی ہوگئی اور سب ٹھیک ہوگیا۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ عمران خان ابھی تک وہ بات نہیں بھولے، جبکہ میں نے بہت بار عمران خان سے معذرت بھی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمال کی بات یہ ہے کہ عمران خان نے جب 1996 میں تحریک انصاف بنائی تو اس میں سب سے پہلے جو چند لوگ شامل ہوئے ان میں ایاز صادق بھی تھے۔ ایاز صادق نے عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک
انصاف کے پہلے الیکشن میں حصہ بھی لیا۔دونوں نے ایک ہی حلقے میں الیکشن میں حصہ لیا۔ عمران خان قومی اسمبلی کی سیٹ پر کھڑے تھے اور ایاز صادق صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر لاہور سے الیکشن لڑ رہے تھے۔ لیکن الیکشن نتائج آئے تو دونوں کو شکست ہوگئی۔اس کے بعد ایاز صادق الگ ہوگئے، ایاز صادق کہتے ہیں کہ عمران خان میرا دوست ہے، گپ شپ بھی رہتی ہے لیکن عمران خان کو جو مجھ سے ہاکی لگ گئی وہ بہت بڑی غلطی ہوئی تھی۔