کوئٹہ (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی صدارت میں تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کی صورتحال بارے اجلاس ہوا، جس میں صوبائی حکومت نے پرائمری سکول کھولنے کیلئے 15 اکتوبر تک توسیع کی تجویز دے دی ہے،اجلاس میں سیکرٹری صحت، انچارج بی سی او سی اور سیکرٹری تعلیم نے بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد اور کورونا
کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر این سی او سی کو تجویز پیش کی جائے گی کہ پرائمری سکول کھولنے کی تاریخ میں مزید پندرہ دن کی توسیع کی جائے۔تعلیمی اداروں میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے تحت تعلیمی سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے، ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ تعلیمی اداروں کے پرنسپل اور ہیڈ ماسٹر کیخلاف تادیبی کارروائی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔