کراچی(این این آئی)کلفٹن میں 22 سال کی لڑکی کو اغوا کے بعد مبینہ آبروریزی کا نشانہ بنادیا گیا، پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے پیرکو رات گئے ایک شاپنگ مال کے سامنے سے لڑکی کو اغوا کیا،اور اس کو فلیٹ پر لے جاکر آبرو ریزی کی گئی، ملزمان صبح لڑکی کو
گاڑی میں ڈال کرشاپنگ مال کے سامنے چھوڑ گئے۔اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اے ایس پی کلفٹن زاہدہ پروین خاتون کے ساتھ موجود ہیں، مذکورہ لڑکی ایک نجی ادارے میں ملازمت کرتی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے مطابق اسے گزشتہ رات اغوا کیا گیا تھا اور مبینہ طور پر گاڑی میں سوار 3افراد نے اسے رات بھر آبرو ریزی کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر لگے کیمروں کو چیک کیا جارہا ہے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے گا، دو لڑکوں نے مبینہ طور پر لڑکی کوآبرو ریزی کا نشانہ بنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی نے 15 پر کال کی اور بتایا کہ اس کے ساتھ آبرو ریزی کی گئی ہے، لڑکی نے بتایا کہ لڑکے چھوڑنے کے بعد اپنا نمبر بھی دے گئے۔اے ایس پی کلفٹن زاہدہ پروین نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعے کا مقدمہ نامعلوم افراد کیخلاف درج کر رہے ہیں اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے۔