اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عنقریب ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے پیش نظر انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے تمام بقایا امور پرفوری طورپر کام شروع کردیا ہے جو کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مکمل نہیں ہوسکے تھے،اس سلسلہ میں تمام صوبائی الیکشن کمشنرز اور نادرا کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان تمام اضلاع میں 16 ستمبر 2020 کو 11 کروڑ 23 لاکھ سے زائد رائے دہندگان پر مشتمل تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کرے گا۔ رائے دہندگان اپنے ووٹ کے اندراج کی تفصیلات 8300 شارٹ میسج سروس پر اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیج کر حاصل کرسکیں گے اور اضلاع میں قائم رجسٹریشن افسران اور اسٹنٹ رجسٹریشن افسران کے دفاتر میں فارم برائے اندراج / منتقلی / درستگی ووٹ بھی جمع کرواسکیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ www.ecp.gov.pk پر فارم ـ 21برائے اندراج / منتقلی ووٹ، فارمـ22 برائے اعتراض / حذف ووٹ ، فارمـ23 برائے درستگی کوائف اور تمام دفاتر ،جہاں فارم جمع کروانے کی سہولت دی جاری ہے، کی تفصیلات دستیاب ہونگی۔ الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 39 کے مطابق ووٹ کا اندراج، منتقلی اور درستگی الیکشن شیڈول جاری ہونے تک ممکن ہے اور الیکشن شیڈول جاری ہونے پر اسے عارضی طور پر روک دیا جاتا ہے۔ مزید براں الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 25 کے مطابق تجدید شدہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد تیس لاکھ سے زائدافراد کو بطور رائے دہندگان /ووٹر درج کیا جائے گا جن کے نام پہلے فہرستوں میں درج نہیں ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان عنقریب ووٹرز آگاہی مہم شروع کررہا ہے جس میں رائے دہندگان کو آگاہی دی جائے گی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے پہلے اپنے ووٹ کے درست اندراج کو اپنے شناختی کارڈ پر درج مستقل یا موجودہ پتہ کے مطابق یقینی بنائیں اور انتخابات میں اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کری۔