حیدرآباد(آن لائن) سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر سے دستبردار ہو کر اب قوم کو بھاشن سے بہلایا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی پاکستان کی تاریخ کے ناکام ترین وزیر خارجہ ہیں، ناکام عمران حکومت کے ناکام وزیر خارجہ کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے مودی کشمیر ہڑپ کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو قوم حکومت کی ناکام کشمیر پالیسی کی برسی منائے گی، شاہ محمود قریشی اور ان کے وزیر اعظم کا بڑا کارنامہ مودی کے سامنے جھک جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قریشی صاحب آپ کا بڑا کارنامہ بھارتی دہشتگرد جاسوس کلبھوشن کو این آر او دینا ہے ، کشمیر پالیسی ہویا ملکی سیاست عمران خان مشرف کی پالیسی پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کرنے کی جو پالیسی دی عمران خان نے اس پر عمل کیا- وزیر خارجہ اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے اپوزیشن کے ساتھ تصادم کرنا چاہتے ہیں۔ مولابخش چاڈیو کا کہنا تھا کہ قریشی صاحب سن لیں کہ بلاول بھٹو زرداری وقت کی آواز ہیں جسے کوئی بھی نہیں دبا سکے گا جبکہ بلاول بھٹو زرداری انکے جانشین ہیں جن کو آپ کے پیر و مرشد ضیاالحق اور مشرف بھی دبا نہیں سکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری طلوع ہو رہے ہیں جبکہ شاہ محمود آپ اور آپ کے نئے سلیکٹڈ قائد ڈوب رہے ہیں۔ سیاست میں بداخلاقی کی تمام حدود پار کرنے والے اب اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں- انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ میں بونوں کو لاکر قومی قائدین کے کردار پر حملے کروائے جاتے ہیں ، ہم عوام کے حقوق، جمہوریت اورآئین کی بات کرتے ہیں جواب میں گالم گلوچ شروع ہو جاتی ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہم کلبھوشن پر سوال کرتے ہیں تو یہ طوطے کی طرح این آر او نہیں دیں گے کی رٹ لگا دیتے ہیں۔