کراچی(این این آئی)کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، قومی ایئر لائن کو ریونیو میں ماہانہ 11 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ دستاویز کے مطابق تین ماہ کے دوران 30 سے 33 ارب روپے کا نقصان ہوچکاہے۔کرونا وائرس کے دنیا بھر کی معیشتوں پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، سفری پابندیوں کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن بھی ہر ماہ اربوں روپے سے محروم ہورہی ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کو ریونیو کی مد میں ماہانہ 11 ارب کا نقصان ہورہا ہے،
کرونا وائرس کی وبا کے دوران اپریل تا جون 30 سے 33 ارب کا ریونیو نقصان ہوچکا ہے۔پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے نقصانات کی وجوہات میں حج و عمرہ آپریشن نہ ہونا اور کراچی میں جہاز حادثہ بھی شامل ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرونا سے پہلے قومی ایئر لائن بہتری کی جانب گامزن تھی۔انتظامیہ کے مطابق پی آئی اے نے سال 2019 میں 8 سال بعد 7.8 ارب روپے کا منافع کمایا، 2018 میں قومی ایئر لائن 19.7 ارب نقصان میں تھی، 2018 میں ریونیو 103 ارب جبکہ 2019 میں 147 ارب روپے سے زیادہ رہا۔