مظفرآباد(این این آئی)کوہالہ انٹری پوائنٹ پر تعینات عملہ عوام اور مسافروں کے لیے درد سر بن گیا،لوڈنگ گاڑیوں سے رشوت معمول،مسافر گاڑیوں کو بھی مختلف حیلے بہانے سے تنگ کیا جانے لگا۔کانسٹیبل انتظار شاہ تعیناتی سے تنگ،مسافروں کو دھمکیاں دینا اور تنگ کرنا اس کا وطیرہ بن چکا ہے۔تذلیل پر اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق انٹری پوائنٹ کوہالہ پر تعینات پولیس عملہ مسافروں کو اذیت میں مبتلاء کرنے لگا۔کانسٹیبل انتظار شاہ نے
گزشتہ سے پیوستہ رات بھی مسافر ندیم احمد کے ساتھ بدتمیزی کی اور دھمکیاں دیں۔ٹمپریچر چیک کروانے کے نام پر مسافروں کو خوار کیا جانے لگا۔حکومتی ایس او پیز کے مطابق تمام مسافروں کی اسکریننگ لازمی قرار دی گئی لیکن انٹری پوائنٹ پر عملہ نے من پسند گاڑیوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور لوڈنگ گاڑیوں سے رشوت لینا بھی معمول ہے۔ڈرائیوران کے ساتھ ہاتھ ملانے کے بہانے نقدی وصول کی جانی ہے حالانکہ ہاتھ ملانے پر پابندی عائد ہے۔