لاہور( این این آئی )گزشتہ ماہ سے پاکستان ایوی ایشن ریگولیٹر اور قومی ایئرلائن اپنی ساکھ کو متاثر کرنے والے بحران سے دوچار ہے اور اب پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی پروازوں کو عمان کی فضائی حدود کی بندش کا خطرہ درپیش ہے۔تاہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے
عمانی ایوی ایشن حکام کو یقین دلایا گیا ہے کہ فلائٹ سیفٹی یقینی بنانے کے لیے تمام پائلٹس کی اسناد کی جانچ پڑتال کی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی سیفٹی کے حالیہ معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کو خبردار کیا ہے کہ پی آئی اے کو اس کی فضائی حدود کے استعمال سے روکا جاسکتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ عمانی حکام نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ یہ بتائیں کہ پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔اس حوالے سے ذرائع نے مزید کہا کہ پاکستان سی اے اے نے عمانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بتایا کہ جن پائلٹس کو پرواز کرنے کی اجازت دی گئی تھی ان سب کی اسناد کی جانچ اجازت دینے سے قبل کی جاچکی تھی۔اگرچہ عمانی سی اے اے نے سرکاری طور پر وہاں موجود پاکستانی پائلٹس کی تصدیق کے لیے کوئی مخصوص فہرست نہیں ارسال کی لیکن حکام نے صرف پاکستان سے یہ وضاحت طلب کی ہے کہ پروازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں تاکہ پی آئی اے کو عمان کی فضائی حدود کے استعمال سے نہ روکا جائے۔