لاہور،کراچی (آن لائن، این این آئی) وزارت ہوا بازی نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی فضائی کمپنی ایئر بلو کے دو پائلٹس کو گرائونڈ کر دیا ہے، دونوں پائلٹس پر جہاز چلانے کا جعلی لائسنس حاصل کرنے کا الزام عائد ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وزارت ہوا بازی نے مشتبہ لائسنس رکھنے والے 9 پائلٹس کی فہرست ایئر بلو کو فراہم کی تھی جن میں سے 9 پائلٹس ڈیڑھ سال قبل ہی ایئر بلو ملازمت چھوڑ چکے ہیں۔ دوسری جانب ایک رپورٹ کے مطابق مشتبہ پائلٹس کی فہرست میں ارم مسعود اور مریم مسعود کا نام بھی شامل ہے، دونوں بہنوں نے بیک وقت بوئنگ 777 جہاز اڑا کر ریکارڈ بھی قائم کیا تھا۔ذرائع کے مطابق 2 بہنوں ارم مسعود اور مریم مسعود کا فلائنگ لائسنس مشتبہ قرار دیا گیا ہے، مشتبہ لائسنس کی فہرست میں 115 نمبر پر ارم جبکہ 118 نمبر پر مریم مسعود کا نام درج ہے۔پائلٹ مریم مسعود کو پہلے سے ہی گرائونڈ کرکے انکوائری کی جارہی ہے،انہوں نے گلگت میں جہاز کی لینڈنگ میں غفلت برتی تھی جس کے باعث طیارہ رن وے سے اتر گیا تھا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق دونوں خواتین پائلٹس کو جہاز اڑانے سے روک دیا گیا ہے ، اس کے علاوہ نجی ایئرلائن نے بھی 2 پائلٹس کو گرائونڈ کر دیا ہے، گرائونڈ کیے گئے پائلٹس میں ایک کیپٹن اور ایک فرسٹ آفیسر شامل ہے۔ترجمان کے مطابق یہ دونوں پائلٹ سی اے اے کی کلیئرنس ملنے تک گرائونڈ رہیں گے۔