لاہور(این این آئی)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد محکمہ ریلوے پر ایندھن کی مد میں ماہانہ20 کروڑ 67لاکھ ماہانہ بوجھ بڑھ گیا،ریلوے کے کرایوں میں بھی 5سے 10فیصد کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق انسداد کورونا ایس او پیز کے تحت چلنے والی چالیس ٹرینوں کے لیے ریلوے سسٹم میں روزانہ تقریباً سواتین لاکھ لٹر ڈیزل استعمال ہوتا ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں 21 روپے20 پیسے اضافے سے ریلوے پر تقریباً 70لاکھ روپے
روزانہ جبکہ 20 کروڑ 67لاکھ ماہانہ بوجھ بڑھ گیا ہے۔ انسداد کورونا کے تحت 60 فیصد آکوپینسی کے ساتھ ٹرینیں چلانے سے ماہانہ کروڑوں روپے نقصان کا سامنا ہے، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ریلوے کے خزانے پر مزید اضافی بوجھ پڑے گا، خسارے کو کم کرنے کے لیے ریلوے ہیڈکوارٹر کی جانب سے کرایوں پر نظر ثانی بھی زیر غور ہے۔ذرائع کے مطابق کرایوں میں 5 سے 10 فیصد اضافے کا امکان ہے۔