کراچی(این این آئی)وزیر تعلیم سندھ کی ہدایت کے باوجود صوبے میں 19 گریڈ کے پرنسپل اسکول سے غیر حاضر ہیں اور گھر بیٹھے تنخواہ حاصل کررہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے واقعے پر کارروائی کا آغاز کردیا، چیف سیکرٹری سندھ نے عبد الرحیم بھلکانی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔ عبدالرحیم لیاری میں غازی محمد بن قاسم گورنمنٹ اسکول میں پرنسپل تھے۔27فروری کو وزیرتعلیم کے اچانک دورے پر اسکول پرنسپل
غیرحاضر پائے گئے۔ مسلسل غیرحاضری پر پرنسپل کا تبادلہ میرپورخاص کے سرکاری اسکول میں کردیا گیا تھا۔12 مئی کو پرنسپل نے میرپورخاص کے سرکاری اسکول میں جوائننگ دینی تھی۔ میرپورخاص کے اسکول میں غیرحاضری پرپرنسپل کو آخری وارننگ اور شوکاز جاری کردیا گیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سرکاری اسکول کے اساتذہ کی گھر بیٹھے تنخواہیں لینے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں جس پر حکومت نے کارروائی کی اور کئی اساتذہ کو نوکریوں سے فارغ بھی کردیا گیا تھا۔