اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث دو غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث فلائی دبئی اور اتحاد ایئر نے پاکستان سے جانے والی پروازیں معطل کر دی ہیں۔فلائی دبئی کے مطابق ایئرلائن نے پاکستان میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث پاکستان سے مسافر نہ لے جانے کا فیصلہ کیا ہے اور 25 جون سے صرف دبئی سے پاکستان مسافروں کو
لایا جائے گا۔دوسری جانب اتحاد ایئر نے بھی پاکستان سے جانے والی پروازیں فوری طور معطل کردی ہیں، اتحاد ایئر کے مطابق یو اے ای سے پاکستان آنے والے مسافروں والی پروازیں اور اتحاد ایرویز کی کارگو سروس مکمل جاری رہے گی۔واضح رہے امارات ایئر لائن (ایمیرٹس ) نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر 10 دن کے لیے معطل کی ہوئی ہیں، ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 جولائی کے بعد دوبارہ جائزہ لیکر ہاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے پر غور ہوگا۔