گوجرانوالہ (این این آئی)گوجرانوالہ کی سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ میں خفیہ کیمرے سے خواتین کے چینجنگ روم کی ویڈیوز بناکر بلیک میل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔پولیس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ میں واقع شاپنگ سینٹر کے مالک عمر نے چینجنگ روم میں خفیہ کیمرہ لگا رکھا تھا اور ملزم نے ایک خاتون کی ویڈیو ریکارڈ کرکے اس سے بلیک میل بھی کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے خاتون سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے وصول کیے
اور مزید رقم مانگنے پر خاتون نے گھر والوں کو بتایا تو معاملہ پولیس کے پاس پہنچا۔تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے دکان سے کیمرے اور ریکارڈ قبضہ میں لیکر ملزم کو والد سمیت گرفتار کر لیا ہے اور واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔خیال رہے کہ ایسا ہی ایک واقعہ 8 فروری 2018 کو فیصل آباد میں پیش آیا تھا جہاں ایک مشہور برانڈ کے ملبوسات اسٹور کے خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمروں کا انکشاف ہوا تھا۔