کراچی ( این ا ین آئی )کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کے وزنی ترین حصے اٹھا لئے گئے ،تکنیکی ماہرین کی موجودگی میں کرین کی مدد سے گھروں کے درمیان سے جہاز کا پر اور انجن نکال لئے گئے ۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق حادثے کے بعد کئی ٹن وزنی انجن تین منزلہ منزلہ عمارت کی چھت پر پڑا تھا جہاز کا 17 میٹر لمبا اور 5 میٹر چوڑا پر گھر کے اندر دھنسا ہوا تھا ،
پر کو نکالنے سے گھر کے منہدم ہونے کا خدشہ بھی تھا جسے ٹکڑوں کی صورت میں نکالا گیا ،چھت، انجن اور پر اٹھانے کیلئے وزنی اور اونچی کرین کی ضرورت پڑی مگر راستہ تنگ، گنجان آباد اور بجلی کی تاروں کی وجہ سے بہت دشواری ہوئی ۔پی آئی اے نے کے پی ٹی اور نیول ڈاکیارڈ سے وزنی کرینیںاور دیگر مشینری منگوائی ،پی آئی اے کی مدد کیلئے آرمی میکانائزڈ انجینئرز اور پاک فضائیہ کے دستے بھی موجود رہے ،سندھ رینجرز 42 ونگ نے پورے علاقے کو سیل کرکے ملبے کی منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایا ۔ ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے تمام پرزوں کو کراچی ائیرپورٹ پر ایک محفوظ جگہ منتقل کردیا گیا ہے جہاں تحقیقاتی ٹیمیں ان کا جائزہ لیں گی ۔علاقہ مکینوں نے محفوظ طریقے سے ملبہ ہٹانے کیلئے پی آئی اے، کے پی ٹی اور افواج پاکستان کی کاوشوں کو سراہا ۔