کراچی (این این آئی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کورونا مریضوں کے لئے گورنر ہائوس میں اپنے پلازما کا عطیہ دیا ۔ نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ ڈیزیزز کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ گورنر سندھ نے کورونا وائرس کے باعث 17 دن قرنطینیہ میں گذارے تھے اور صحت یابی کے بعداپنا پلازما عطیہ کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
گورنرسندھ نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کو اس سے صحت یاب افراد کا پلازما لگانے کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوئے ہیں اس لئے میری اپیل ان لوگوں سے ہے جنھیں کورونا ہوا اور وہ اس سے صحتیاب ہو چکے ہیںکہ وہ اپنا پلازما ضرور عطیہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیسو ایمیونائزیشن Passive Immunisation طریقہ علاج کے ذریعہ کورونا کے مریضوں کی جان بچائی جاسکتی ہے،ڈاکٹر طاہر شمسی اس طریقہ علاج کے لئے مبارکباد کے مستحق ہیں۔گورنرسندھ نے کہا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگااس ضمن میں کورونا سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ نیشنل انسٹیٹوٹ آف بلڈ ڈیزیزز کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے کہا کہ آج گورنرسندھ نے اپنے وعدہ کے مطابق پلازما عطیہ کیا اس اقدام سے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کو بھی پلازما دینے کی ترغیب حاصل ہوگی ۔ انہوںنے مزید کہا کہ پلازما لگائے جانے والے کورونا کے 80 فیصد مریض وینٹیلیٹر پر جانے سے محفوظ رہتے ہیںایک صحت مند فرد کا پلازما دو مریضوں کو لگایا جاسکتا ہے اوردنیا کے کئی ممالک میں بھی پیسو ایمیونائزیشن کو کورونا کے مریضوں پر استعمال کیا جارہا ہے۔