اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صحافی عارف حمید بھٹی کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین سے20 ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ہے، انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ چار دن پہلے 4 ایم این ایز اور 16 ایم پی پیز نے جہانگیرترین سے کہا ہے کہ شہزاد اکبر نے آپ کو پھنسانے کیلئے سازش کے تحت رپورٹ کو تبدیل کیا،
ان ایم این ایز اور ایم پی ایز نے کہا کہ ہم پریس کانفرنس کرنا چاہتے ہیں مگر جہانگیرترین نے انہیں روک دیا۔ معروف صحافی نے کہا کہ جہانگیر ترین کا پتہ نہیں کون سا نالائق ایڈوائزر ہے جو انہیں ان سب لوگوں سے پیچھے کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ دوسری جانب چینی کا کاروبار جس طرح کل چل رہا تھا اسی طرح آج بھی چل رہا ہے۔ معروف صحافی نے دوران پروگرام کہا کہ معذرت کے ساتھ شہزاد اکبر کی شکل انڈین اداکار پریم چوپڑا سے بڑی ملتی ہے۔ اس وجہ سے ان کا مستقبل روشن ہے، یہ فلموں میں بھی آ سکتے ہیں کیونکہ عمران خان کی حکومت نہ رہی تو ان کو اتنی زیادہ براہ راست کوریج کوئی نہیں دے گا، شہزاد اکبر انڈین فلموں میں بھی جا سکتے ہیں۔ معروف صحافی نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتائیں کہ شہزاد اکبر کا نام الیکشن سے پہلے کبھی کسی نے سنا تھا، یہ ایک گینگ آیا ہے، یہ کسی اور کے بندے تھے اور کسی اور کے بندے ہیں۔ عارف حمید بھٹی نے کہاکہ جیسے ہی عمران خان کی حکومت جائے گی یہ چند لوگ تحریک انصاف میں نظر نہیں آئیں گے۔