اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین ینگ کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن پاکستان ڈاکٹراسفند یار نے وزیر اعظم سے اپیل کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔چیئرمین ینگ کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن پاکستان ڈاکٹراسفند یار نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ملک میں 700سیزائد ہیلتھ پروفیشنلز کورونا سے متاثرہوچکے ہیں اورآئسولیشن وارڈ کے باہر ڈیوٹی کرنے والے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ڈاکٹر اسفند یار نے کہا کہ متاثر بیشتر ہیلتھ پروفیشنلز کو حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا گیا ۔
حکومت سے اپیل ہے فرنٹ لائن سولجرز کی حفاظت کے اقدامات کرے اور این 95 ماسک، فیس شیٹ ، گلوز، اور کٹس فراہم کی جائیں۔وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے ، سرکاری ہسپتالوں میں سب سے اہم فیصلہ او پی ڈیز کھولنے کا ہے، ایک دم او پی ڈیز کھولنے سے رش اور کیسوں میں اضافے کاامکان ہے۔ڈاکٹراسفندیار نے کہا کہ بدقسمتی سے ملکی نظام صحت کسی بڑے امتحان کا متحمل نہیں ہو سکتا، پاکستانی ہیلتھ اسٹرکچر یورپ اور امریکا کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔