لاہور(این این آئی)ہائیکورٹ نے جنگ گروپ اورجیو نیوزکے ایڈیٹرانچیف میرشکیل الرحمان کی درخواست ضمانت خارج کردی۔لاہور ہائیکورٹ میں دو رکنی بینچ نے میر شکیل الرحمان کی اہلیہ شاہینہ شکیل کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب، احتساب عدالت کے جج اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔میر شکیل الرحمان کی جانب سے بیرسٹر اعتزاز احسن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب سے اسپیشل پراسیکیوٹر فیصل رضا بخاری اورعاصم ممتاز عدالت میں موجود تھے۔
دوران سماعت نیب پراسکیوٹر نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو ویڈیو لنک کے ذریعے تمام حقائق سے آگاہ کیا گیا تھا، آج کل توسپریم کورٹ میں اور حکومتی فیصلے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے ہوتے ہیں۔پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ کیس کی تمام کارروائی چیئرمین نیب کے علم میں ہے ان کی ہدایات پر تحقیقات ہو رہی ہیں۔درخواست ضمانت کے حق میں میر شکیل الرحمان کے وکیل اعتزاز احسن نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرشکیل الرحمان عمر رسیدہ اور بیمار ہیں انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ میر شکیل کہیں بھاگنے نہیں لگے ان سے زرضمانت یا شورٹی لے لی جائے، دوسڑکیں پَر لگا کر دبئی تو نہیں چلی جائیں گی،ایل ڈی اے بعد میں ایکوائرکرسکتا ہے۔نیب کی ویڈیو لنک سے متعلق وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ نیب کے جواب میں کسی ویڈیولنک کا ذکر نہیں ،اگر نیب نے میرشکیل کی تمام کارروائی کی ویڈیو ریکارڈنگ کی ہے وہ منگوالی جائے۔بعدازاں عدالت نے فریقین کے وکلاء کے تمام دلائل سننے کے بعد میرشکیل الرحمان کی درخواست ضمانت خارج کرنے کا حکم جاری کردیا۔