اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)محکمہ اسکولز پنجاب نے سفارش کی ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران نجی تعلیمی ادارے والدین سے 80 فیصد فیس وصول کریں جب کہ نجی تعلیمی ادارے کسی استاد کو ملازمت سے نہ نکالیں۔جیونیوز کے مطابق محکمہ اسکولز پنجاب نے وزیر قانون پنجاب کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات حتمی منظوری کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہیں۔محکمہ اسکولز پنجاب کی ان تجاویز میں کہا گیا ہے
کہ 6 اپریل سے 30 مئی تک کی گرمیوں کی چھٹیاں تصور ہوں گی جب کہ لاک ڈاؤن کی چھٹیوں کے دوران نجی تعلیمی ادارے 20 فیصد فیس معاف کر کے والدین سے اپریل اور مئی کی 80 فیصد فیس وصول کریں۔تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نجی تعلیمی ادارے والدین سے تین ماہ کی اکٹھی فیس نہ لیں بلکہ ماہانہ کی بنیاد پر فیس وصول کی جائے۔دوسری جانب تجاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی چھٹیوں کے دوران کوئی نجی تعلیمی ادارہ کسی ٹیچرکو ملازمت سے نہ نکالے۔علاوہ ازیں تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ اسکولز ان چھٹیوں کے دوران ہوم ورک اور لیکچرز مقامی کیبل آپریٹر کے ذریعے طالب علموں تک پہنچانے کا پابند ہو گا، یہ لیکچرز ریاضی اور سائنس مضامین کے ہوں گے۔ تمام سرکاری اسکولوں کے کلاس ایک سے 8 تک کے طالب علموں کو ہوم ورک کی بنیاد پر اگلی کلاسوں میں ترقی دے دی جائے جب کہ نجی تعلیمی ادارے چاہیں تو وہ بھی ایسا کر سکتے ہیں۔