کراچی (این این آئی) وفاقی حکومت کی لاک ڈائون کی مخالفت پر پاکستان پیپلز پارٹی نے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا غیرسنجیدہ رویہ کورونا سے زیادہ خطرناک ہے۔ مرکزی ترجمان پی پی پی مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ
دنیا کے ترقی یافتہ ملک کورونا کے آگے بے بس ہیں اور ہماری حکومت اسے مزاق سمجھ رہی ہے۔ وفاقی حکومت عوام کی جان بچانے کی صوبائی حکومتوں کی کوششوں کی مخالفت کیوں کر رہی ہے ؟،وفاقی حکومت کے ترجمان کہتے ہیں کہ نہ کورونا جان لیوا ہے نہ لاک ڈائون کی ضرورت ہے ۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کیلئے خود کچھ نہیں کر پا رہی تو صوبائی حکومتوں کو تو کرنے دے۔قدرتی آفت کی اس گھڑی میں بھی بدقسمت حکمران پارٹی سیاست میں مصروف ہیں۔یہ حکمران اپنے ذاتی مفادات اور پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر کیوں نہیں سوچتے ؟ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمت حکمران کسی بحران سے سبق سیکھتے ہیں نہ ہیں کسی قدرتی آفت سے۔ اس حکومت نے ہر وقت عوام کو اذیت میں مبتلا رکھنے کا اہتمام کیا ہے ۔یہ کبھی مہنگائی سے عوام کو اذیت دیتے ہیں تو کبھی بیروزگاری سے ۔ان میں صلاحیت نہیں یہ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری سے سیکھیں ۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ اس بحران میں پارٹی سیاست سے بالاتر ہو کر قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے۔