اسلام آباد (این این آئی)وزارت خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موجودہ حکومت رواں سال جولائی تک 1900 ارب روپے کا مزید قرضہ لے گی۔وزارت خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کردہ دستاویزات میں اس بارے میں تفصیلات پیش کی گئیں کہ حکومت کو 2023ء تک کتنا اندرونی و بیرونی قرضہ واپس کرنا ہے؟
وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کو 2023ء تک 2 اعشاریہ 28 ارب ڈالر کا بیرونی قرض واپس کرنا ہے۔وزارت خزانہ کے مطابق حکومت کو سال 2023ء تک 12261 ارب روپے اندرونی قرض واپس کرنا ہے جبکہ وفاقی حکومت کے ذمے صوبائی حکومتوں کا کوئی قرض نہیں ہے۔قومی اسمبلی میں پیش کی گئی دستاویزمیں انکشاف کیا گیا کہ موجودہ حکومت رواں سال جولائی تک 1900 ارب روپے کا مزید قرضہ لے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق حکومت اندرونی طور پر 800 ارب روپے کا قرضہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ بیرونی طور پر 1100 ارب روپے کا قرضہ لینے کا ارادہ رکھتی ہے۔دستاویز کے مطابق حکومت اپنی آئینی مدت میں 12261 ارب روپے ملکی قرضہ واپس کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جبکہ حکومت اپنی آئینی مدت میں 2 اعشاریہ 28 ارب ڈالر بیرونی قرضہ واپس کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔