لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے دی ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی،ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ترقیاتی پیکیج کی منظوری پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے اظہار تشکر کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کیلئے ترقیاتی پیکیج منظور کرنے پر
آپ کے تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔ آپ نے ملتان کے شہریوں کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دے کر ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر نے کہا کہ آپ جیسے وزیراعلیٰ کا ہونا ہماری خوش قسمتی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ملتان کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میرا دوسرا گھر ہے اور اس شہر سے دلی لگاؤ ہے۔ میں ملتان سمیت ہر پسماندہ شہر اورعلاقے کا وکیل ہوں۔ ملتان کے ترقیاتی پیکیج پر عملدرآمد کی خود نگرانی کروں گا۔ملتان میں سیوریج اور پینے کے پانی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔اراکین اسمبلی کے حلقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائیں گے۔ملتان میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا منصوبہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات ملتان ترقیاتی پیکیج کا جائزہ لے کر ترجیحات کا تعین کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال 2020-21 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کے حوالے سے ہر ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے مشاورت ہوگی اوراس ضمن میں تمام متعلقہ سیکرٹریز بھی اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی برس میں ملتان کیلئے مختص فنڈز ترجیحی بنیادوں پر دیئے جائیں گے۔ملتان سمیت تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کیلئے بگ سٹی الاؤنس کا جائزہ لے کر باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ملتان میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے نئے پراجیکٹس شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے حوالے سے بھی ملتان شہر کی
ضروریات کے مطابق اقدامات کئے جائیں گے۔ملتان میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کے منصوبے کیلئے وفاقی حکومت سے بات کی جائے گی۔ ناردرن اور سادرن بائی پاس کو مکمل کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملتان وہاڑی روڈ کو دو رویہ کرنے کے منصوبے کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع کیا جائے گا۔ملتان شہر کے اندر ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے
ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔پنجاب میں پہلی بار ارکان اسمبلی کی مشاورت سے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میونسپل سروسز پروگرام کے تحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کیلئے مختص فنڈز جیو فینسنگ کے بعد اب کسی اور جگہ منتقل نہیں ہوسکتے۔ برسوں سے نظر انداز کئے گئے شہروں کو ان کے حقوق دلا کر دم لوں گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے آج وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی،جس میں ملتان ترقیاتی پیکیج، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فلاح عامہ کی سکیموں کا جائزہ لیا گیا۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے حلقوں کے مسائل اور ملتان شہر کے حوالے سے
ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود حسین قریشی، اراکین قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر،احمد حسین ڈہیڑ، رانا محمد قاسم نون، محمد ابراہیم خان، صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک، اراکین پنجاب اسمبلی جاوید اختر، محمد سلیم اختر، نوابزادہ وسیم خان، ظہیرالدین خان علی زئی، محمد ندیم قریشی،
ملک واصف مظہر، میاں طارق عبداللہ اور قاسم عباس خان شامل تھے جبکہ سیکرٹری خزانہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، کمشنر ملتان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر ملتان بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر ملتان ڈویژن نے ترقیاتی پیکیج کے تحت فلاح عامہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔