لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اورکیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس ضمن میں صوبے میں تمام ضروری تیاریاں اور ممکنہ احتیاطی انتظامات کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں کرونا وائرس کی تشخیصی کٹس ہنگامی طورپرمنگوانے کا فیصلہ کیاگیا۔
وزیراعلیٰ نے تشخیصی کٹس منگوانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر سکیننگ کے نظام کو مزید موثربنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جائیں اورمتعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے پنجاب فوڈ اتھارٹی کومچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مچھلی منڈیوں اوردیگر فوڈ پوائنٹس کی صفائی پر پوری توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صورتحال نارمل ہے لیکن ہمیں اپنے انتظامات اور تیاریاں پوری رکھنی چاہئیں لہذا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے وضع کردہ احتیاطی تدابیر پر پوری طرح عملدر آمد کیا جائے۔سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کا کوئی مشتبہ مریض نہیں پایا گیا۔مشتبہ مریض عام انفلوائنزا میں مبتلا تھے۔پنجاب حکومت نے سرویلنس اینڈ رسپانس یونٹ قائم کردیا ہے،جو 24گھنٹے فنکشنل ہے۔ ہسپتالوں میں آئسو لیشن وارڈقائم کردیئے گئے ہیں۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ 50سے زائدچینی باشندوں کی سکریننگ کاکام مکمل کرلیا گیا ہے۔ کرونا وائرس جانوروں کا وائرس ہے۔کرونا وائرس کے انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہونے کے بھی شواہد ملے ہیں۔ کرونا وائرس چین کی سی فوڈ مارکیٹ سے پھیلنے کی اطلاعات ہیں۔بعض دیگر ممالک میں بھی کرونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں۔ کرونا وائرس کی علامات نمونیا سے ملتی جلتی ہیں۔ مشیر صحت حنیف پتافی، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشیدچیمہ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن،سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔