مریدکے (این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی رانا تنویر حسین نے کہا ہے پی ٹی آئی کے ناراض اراکین اور مسلم لیگ (ق) انکے ساتھ رابطے میں ہیں،ہم چاہتے ہیں فوری الیکشن کروائے جائیں اور سلیکٹڈ حکومت کی بجائے عوام کے ووٹ کی طاقت سے جمہوری حکومت آئے۔
مریدکے میں اپنے فارم ہاؤس پر میڈیا سے گفتگو کرتے رانا تنویر حسین نے کہاکہ سب کو معلوم ہے عمران حکومت سلیکٹڈ حکومت ہے جن لوگوں نے ان کو سیٹ پر بٹھایا وہ بھی دیکھ چکے یہ حکومت عوام کو ڈلیور نہیں کرچکی اٹھارہ کروڑ عوام کی اس حکومت نے چیخیں نکلوادیں،ہم نے پورا موقع دیا یہ حکومت عوام سے کئے وعدے پورے کرے مگر یہ حکومت کرپشن بد عنوانی اور مہنگائی کے علاوہ کچھ نہ کرسکی اس لئے ہم چاہتے ہیں فوری الیکشن کروائے جائیں اگر یہ ممکن نہیں تو ان ہاوس تبدیلی ضرور ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا پی ٹی آئی کے ناراض ارکان اور مسلم لیگ ق ان کے ساتھ رابطے میں ہیں وفاق اور پنجاب میں تبدیلی ہمارا ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کوئی لندن پلان تیار نہیں ہورہا اور نہ ہی انہیں لندن بلایا گیا ہے یہ محظ میڈیا کی پھیلائی ہوئی باتیں ہیں میاں نواز شریف سخت بیمار ہیں اور میاں شہباز شریف انکے پاس ہیں.انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کرپشن کا خاتمہ کا نعرہ لیکر آئی تھی مگر اس نے خود کرپشن کا بازار گرم کردیا ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل کی رپورٹ گواہ ہے اس حکومت کو مزید وقت دیا تو بہت نقصان ہوسکتا ہے۔