اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور پاکستان پیپلز پارٹی شعبۂ خواتین کی صدر فریال تالپور کی صاحبزادی عائشہ تالپور کل (جمعہ) رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو رہی ہیں۔ ان کی شادی کراچی سے تعلق رکھنے والے سید شبیہ علی کے ساتھ طے پائی ہے۔اس شادی کے باعث سیاسی و سماجی حلقوں میں خاصی توجہ پائی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس بااثر سیاسی خاندان کی اس تقریب کا خاصا تذکرہ ہو رہا ہے، جہاں کئی افراد دولہا کے پس منظر کے بارے میں دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔
سید شبیہ علی کا تعلق کراچی سے ہے۔ ان کی والدہ نہ صرف فریال تالپور کی رشتہ دار ہیں بلکہ ان کا شمار فریال تالپور کی قریبی دوستوں میں بھی ہوتا ہے۔ سید شبیہ علی نے ابتدائی تعلیم اور گریجویشن کراچی سے حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ایس زیڈ اے بی آئی ایس ٹی) سے بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔تعلیمی سفر کے بعد سید شبیہ علی نے کچھ عرصہ سندھ کے محکمہ بورڈ آف ریونیو میں ملازمت کی، تاہم بعد میں سرکاری نوکری چھوڑ کر کاروبار کا آغاز کیا۔ اس وقت وہ کراچی میں ایک معروف ایلیٹ ریسٹورنٹ چلا رہے ہیں، جبکہ ان کا کاروبار دبئی اور متحدہ عرب امارات کے دیگر شہروں تک بھی پھیلا ہوا ہے۔ سید شبیہ علی تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔شادی کی تقریبات کا آغاز جمعہ 2 جنوری کو زرداری ہاؤس کراچی میں محفلِ میلاد سے کیا گیا، جبکہ یہ تقریبات بدھ 14 جنوری کو آبائی علاقے شہید بے نظیر آباد میں منعقد ہونے والے ظہرانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوں گی۔















































