لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تھیلیسیمیا کی مریض طالبہ آمنہ محمود کی آواز بن گئے۔ وزیراعلیٰ نے طالبہ آمنہ محمود کی تعلیم کے اخراجات اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت آمنہ محمود کے تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔
آمنہ جہاں تک چاہے تعلیم حاصل کرے، حکومت پنجاب پوری معاونت کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج تھیلیسیمیا اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر بہاولپور کے دورے کے دوران تھیلیسیمیا کی مریض طالبہ آمنہ محمود کی عیادت کی۔گورنمنٹ صادق ماڈل گرلز ہائی سکول بہاول پور میں زیر تعلیم میٹرک کی طالبہ آمنہ محمود نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے کہا کہ وہ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن وسائل اجازت نہیں دیتے، جس پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے باہمت طالبہ کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ بیٹی آمنہ! آپ کے تعلیمی اخراجات حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اسی وقت آمنہ کی خواہش پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں اورکہا کہ آمنہ میری اپنی بیٹیوں کی طرح ہے، اس کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا میرا فرض ہے۔