کراچی (آن لائن) ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دے دیا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے اسد عمر سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ اسد عمر نے ہمیں بتایا کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات دور کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہونے پر کابینہ میں واپسی ہوسکتی ہے، تاہم ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین معاملات خراب ہونے پر اپوزیشن بینچوں پر بھی جاسکتے ہیں۔ سندھ حکومت میں
شمولیت سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم نے18ویں ترمیم کے بعد پی پی حکومت سے بھی مل کر کام کرنے کی کوشش کی لیکن فی الحال سندھ حکومت کے ساتھ اتحاد میں جانے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے مستعفی ہونے کے بارے میں فروغ نسیم کو پہلے ہی بتادیا تھا،بیرسٹر فروغ نسیم کو وزارت قانون کے لئے وزیراعظم عمران خان نے خود منتخب کیا تھا حالانکہ وزارت قانون کا حصول کبھی بھی ایم کیوایم پاکستان کی خواہش نہیں تھی۔