لاہور( این این آئی )لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کردی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے حسان نیازی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔
شادمان پولیس کی جانب سے عدالت کے طلب کرنے کے باوجود پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش نہ کی جاسکی ۔اس موقع پر حسان نیازی کے وکیل نے کہا کہ تفتیشی افسر کی جانب سے تاحال رپورٹ پیش نہیں کی جاسکی، حسان نیازی شامل تفتیش ہو چکے ہیں۔حسان نیازی پولیس سے مکمل تعاون کر رہے ہیں لہٰذاان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کی جائے۔بعد ازاں عدالت نے حسان نیازی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 2 جنوری تک توسیع کردی اور انہیں دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کردی۔دریں اثنا انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی حملہ کیس میں 25وکلا ء کی درخواست ضمانت منظور کرلی ۔انسداددہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے پی آئی سی حملہ کیس میں گرفتار 25 وکلا کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ25ملزمان کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کر لیا گیا ہے۔ پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے جواب عدالت میں جمع کروادیا ہے۔عدالت کو بتایا گیاکہ 25 وکلا ء کی شناخت پریڈ میں تصدیق ہو چکی ہے۔ملزمان وکلا کی جانب سے ممبر پنجاب بار کونسل فرہاد علی شاہ اور سیکرٹری لاہور بار ملک عدیل احسان نے دلائل دئیےاور موقف اختیار کیا کہ 32 وکلاء 10 دن سے پولیس کی حراست میں موجود ہیںاگر پولیس نے فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کرانا تھا تو دوران حراست کرا لیتی۔وکلا ء کا میڈیکل بھی نہیں کرایا گیا۔ملزمان کے وکلا ء نے استدعا کی کہ عدالت تمام گرفتار وکلا کی رہائی کا حکم دے۔