پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن نے عدلیہ کے خلاف حکومتی وزراء کی مہم کو ناکام بنانے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عدلیہ کے خلاف ہر مہم کو ناکام بنایا جائے گا اور اس کے سامنے کھڑے ہونگے۔گزشتہ روز اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے خوشدل خان نے نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ خصوصی عدالت کے سربراہ اور پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ نے سابق ڈکٹیٹر کو انصاف پر مبنی پھانسی کی سزا سنائی تاہم اس فیصلے سے تحریک انصاف کے
وزراء کو زیادہ تکلیف پہنچی۔جسٹس وقار احمد سیٹھ ایماندار جج ہے مگر تحریک انصاف کے وزراء کہتے ہیں کہ ان کا دماغی توازن ٹھیک نہیں جو انتہائی شرمناک اور افسوسناک بات ہے تحریک انصاف کے سلیکٹڈ ارکان اسمبلی اور غیر منتخب رہنماؤں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے کہ وہ ٹاک شوز اور دیگر فورم پر عدلیہ کو ٹارگٹ کرے تاہم وہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے حقائق اور انصاف پر مبنی فیصلہ دیا ہے وہ عدلیہ کیساتھ کھڑے ہیں اور وزراء کی عدلیہ کے خلاف ہر مہم اور پروپیگنڈاناکام بنا دینگے۔