اسلام آباد (این این آئی) جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہاہے کہ کشمیر معاملے پر عالمی کانفرنس بلانا چاہتے تھے، مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کی وجہ سے نہ کر سکے،کشمیر ہمارا شہہ رگ ہے،آزادی کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی دیں گے ،
پرویزمشرف قصہ پارینہ ہے،اس پر نہیں کشمیر پر بات کریں۔ اتوار کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ا سلام آباد کی انتظامیہ نے کشمیر مارچ کے بینر کو اتار دیا تھا،اسلام آباد انتظامیہ کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟۔ انہوں نے کہاکہ ان حرکتوں سے پتہ چلتا ہے کہ یہ سب کچھ بھارت کو خوش کرنے کیلئے کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ہمارا شہہ رگ ہے آزادی کیلئے خون کا آخری قطرہ بھی دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران کوکہنا چاہتا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ قومی کازکیلئے ہورہا ہے،سیاست سے بالا تر ہوکر شرکت کررہے ہیں،حکومت تو ہمارے بینرز اتاررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کا زکیلئے ہرآواز کو جگہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ رات کو انتظامیہ نے جلسہ گاہ کی لائٹیں بھی بند کردی تھیں،آزاد کشمیر سمیت دیگر قیادت کو دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیر پر عالمی کانفرنس کرنا چاہتے تھے تاہم مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کی وجہ سے نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پرویزمشرف قصہ پارینہ ہے اس پر نہیں کشمیر پر بات کریں۔