دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں 2020ء میں رمضان کا آغاز کب ہو گا اور عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کب منائی جائیں گی، تاریخوں کا قبل از وقت ہی اعلان کر دیا گیا۔
خلائی سائنس اور ماہرین فلکیات کے عرب یونین کے رکن ابراہیم ال جروان نے اعلان کرتے ہوئے توقع کا اظہار کیا ہے کہ 2020ء میں رمضان المبارک کا چاند 23 اپریل کو نظر آئے گا اس طرح یکم رمضان 24 اپریل بروز جمعہ کو ہو گی۔ ابراہیم ال جروان کے مطابق عید کا چاند 23 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اور اس طرح عیدالفطر 24 مئی بروز اتوار کو متوقع ہے۔ ابراہیم ال جروان نے کہا کہ فلکیاتی حساب کے مطابق عید الاضحی 31 جولائی بروز جمعہ 2020ء کو ہونے کا امکان ہے۔ ابراہیم ال جروان نے کہا کہ مذکورہ بالا تاریخیں چاند آنے سے مشروط ہیں اور اس کا حتمی اعلان متعلقہ حکام ہی کریں گے۔ اگر ان تاریخوں کو درست مان لیا جائے تو اس حساب سے پاکستان میں چونکہ عرب ممالک کے ایک روز بعد رمضان اور عید کے چاند نظر آتے ہیں تو پاکستان میں یکم رمضان 25 اپریل بروز ہفتہ ہونے کا امکان ہے، اسی طرح عیدالفطر 25 مئی اور عیدالاضحیٰ یکم اگست کو ہونے کا امکان ہے لیکن پاکستان میں چاند کی رویت کے بارے پاکستان رویت ہلال کمیٹی ہی حتمی اعلان کرے گی۔