سیالکوٹ(این این آئی)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام کے نمائندے حکومت اور عوام میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں،بلاول بھٹو پیپلز پارٹی دور میں والدہ کے قاتل نہ ڈھونڈ سکے،سچے ہیں تو نیب نوٹس کا جواب دینے سے کیوں گبھراتے ہیں،
مریم نواز کی درخواست پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔ہفتہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کی بھڑکیں دیوانے کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے والد نے پرویز مشرف کو ریڈ کارپٹ پر رخصت کیا،بلاول بھٹو پیپلز پارٹی دور میں والدہ کے قاتل نہ ڈھونڈ سکے۔انہوں نے کہا کہ بلاول سچے ہیں تو نیب نوٹس کا جواب دینے سے کیوں گبھراتے ہیں،پرویز مشرف کے ساتھ نیب نوٹس کو جوڑنا ٹھیک نہیں۔انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں مریم نواز کو پاکستان سے جانے کی کیا جلدی ہے،ان کے وکلا کو ثابت کرنا ہوگا کہ سہولت کار کے بغیر بیمار ٹھیک ہو سکتا ہے کہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے نمائندے حکومت اور عوام میں پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول جائے نیب میں اپنی منی ٹریل بتائیں،سونے کا چمچ لے کر پیدا ہونے والے نیب کو حساب دیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ مریم نواز کی درخواست کابینہ کے پاس آئی تھی،منگل کو اجلاس میں مریم نواز کی درخواست کا تفصیل سے جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی درخواست پر آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ ہوگا۔انہوں نے سوال کیا کہ مریم بی بی نرس کی حیثیت سے جانا چاہتی ہیں یا ڈاکٹر کی؟۔