اسلام آباد (این این آئی)محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے جبکہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔پنجاب کے علاقے میانوالی، شاہ پور، چنیوٹ،
رائیونڈ، ننکانہ صاحب، گوجرہ، چیچہ وطنی، پھالیہ اور ڈجکوٹ سے دھند پڑنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، حافظ آباد، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر کے چند علاقوں میں بھی دھند پڑی ہے۔بالائی سند ھ کے اضلاع سکھر، لاڑکانہ، روہڑی، پڈعیدن اور جیکب آباد کے چند علاقوں میں شدید دھند پڑی تاہم دیگر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا مطلع جزوی ابرآلود اور رات کو سردی پڑنے کا امکان ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہے گا جس میں 12 درجے اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان اورخیبرپختونخوا میں ہفتے کے روز موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا بھی امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ ترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ فیصل آباد، جھنگ، سیالکوٹ، گجرات اور گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش ہوئی۔