اسلام آبا(آن لائن) سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کی ہدایت پر سنی اتحاد کونسل کے پچاس جید مفتیان کرام نے اجتماعی شرعی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام میں مردہ شخص کی عزت و توقیر بھی زندہ انسان کی طرح ہے۔
مردہ شخص کو لٹکانا خلاف شرع اور انسانیت کی شدید ترین تذلیل ہے۔اسلام نے مسلمانوں کو عزت و قار کے ساتھ دفن کرنے اور برائیوں کا تذکرہ کرنے سے منع کیا ہے۔مفتیان کرام نے مطالبہ کیا کہ لاش کو لٹکانے کی بات کرنے والے جج کو فی الفور معزول کیا جائے۔جج نے منصب انصاف پر بیٹھ کر مسند انصاف کے وقار کو مجروح کیا ہے، ایسا شخص جو میت کے حقوق کو نا جانتا ہو اسے جج رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ فیصلہ سنانے والے جج نے اپنے فیصلے سے قرآن و سنت کی توہین کی ہے۔مفتیان نے کہا ہے کہ کون سی تعلیمات اسلامی تعلیمات سے بلند، مشفق، منصف ہو سکتی ہیں۔ اسلام نے زندہ رہنے اور مردہ شخص دونوں کے بارے میں واضع احکامات دیے ہیں۔اجتماعی شرعی اعلامیہ جاری کرنے والوں میں شیخ الحدیث علامہ سعید قمر سیالوی، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مفتی رحمت اللہ رضوی، مفتی محمد بخش رضوی، مفتی محمد وزیرالقادری، مولانا محمد سلطان چشتی، مولانا اللہ وسایا سعیدی، مولانا محمد صدیق قادری، مفتی محمد لیاقت علی، مفتی وسیم خان، مولاناوجاہت حسین قادری و دیگر شامل ہیں۔