اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ پیر کو جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔العزیزیہ ریفرنس، جج ویڈیو اسکینڈل میں نیب نے نواز شریف کی پانچ افراد کو عدالتی گواہ بنانے کی درخواست کی مخالفت کر دی۔ نواز شریف کی درخواست پر نیب نے جواب جمع کرا دیا۔نیب نے کہاکہ پانچوں افراد کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، اضافی شواہد پیش
کرنے کی کوئی نظیر نہیں۔نیب نے کہاکہ فورنزک ماہرین کا یہاں زیر التوا معاملے سے کوئی تعلق نہیں بنتا۔ نیب نے کہاکہ ناصر بٹ اس کیس میں فریق ہی نہیں ہیں۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب جہانزیب بھروانہ نے کہاکہ نیب کی جانب سے جواب داخل کرا دیا گیا ہے۔نصیر بھٹہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ نیب کا جواب دیکھ کر لگتا ہے کہ نیب بالکل ہی پیدل ہو گیا ہے۔دوران سماعت نواز شریف کی پیر کی سماعت کیلئے حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت دوہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔