کراچی(آن لائن) جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کی مخالفت کردی،طلباء کو سیاسی مقاصد اور مدارس کو دھرنا، احتجاج یا مارچ کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کرنے والے وفاقی وزراء پیر نورالحق قادری اور علی زیدی سے اپنی گفتگو میں کیا۔ملاقات میں ملک کے موجودہ حالات میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے
متعلق بات چیت کی گئی۔وفاقی وزراء نے مفتی نعیم سے آزادی مارچ کیخلاف حکومت کی حمایت کرنے کی درخواست کی،جس پر جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم نے آزادی مارچ کی مخالفت کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔مفتی نعیم نے کہا کہ طلباء کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ مدارس کو دھرنے، احتجاج یا مارچ کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔