اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پارٹی صدر شہباز شریف اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان (آج) بدھ کو متفقہ اعلان کرکے آزادی مارچ سے متعلق حتمی لائحہ عمل واضح کریں گے۔
ایک انٹرویو میں سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہم سال 1992 سے سنتے آ رہے ہیں کہ نواز شریف اور شہباز شریف ایک پیج پر نہیں ہیں تاہم ایسا بالکل نہیں ہے، یہ بات طے ہے کہ دونوں بھائی ایک ہی پیج پر ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اور نواز شریف سے متعلق قیاس آرئیاں سراسر غلط ہیں، 16 تاریخ کو شہباز شریف نوازشریف کا پیغام لے کر میڈیا ٹاک میں جائیں گے اور تمام چیزیں واضح کر دیں گے، شہباز شریف نے اپنے بھائی کا آہنی بازو بن کر سیاست کی ہے۔سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ ہماری طرف سے لچک یہ ہی ہے کہ حکومت آج ہی گھر جانے اور نئے انتخابات کرانے کا اعلان کر دے تو ہم بھی دھرنا اور احتجاج سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر آرٹیکل 16 کے تحت کوئی احتجاج نہیں ہوسکتا تو آئین کو تبدیل کر دیں۔ یہ کوئی غیر جمہوری روایت نہیں کہ عوام یا حزب اختلاف احتجاج نہ کرے۔ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ عوام کی نقل و حرکت کو رکیں گے۔ ہمارا احتجاج آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق ہو گا۔ہم نے کبھی نہیں کہا کہ عوام کی نقل و حرکت کو رکیں گے۔ ہمارا احتجاج آئین اور قانون کے تقاضوں کے مطابق ہو گا۔