اسلام آباد (این این آئی) جج وڈیو اسکینڈل کیس کے ملزم فیصل شاہین نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک اور لیگی کارکن ناصربٹ کی ویڈیو بنانے کا اعتراف کرلیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے جج وڈیو اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران 2 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزم حمزہ بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کی جبکہ ملزم فیصل شاہین کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھجوانے کا حکم دیا۔
ملزم فیصل شاہین کا مجسٹریٹ کے روبرو ریکارڈ کیا گیا بیان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جس میں انہوں نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک اور ناصربٹ کی ویڈیو بنانے کا اعتراف کیا۔مجسٹریٹ کے سامنے بیان میں فیصل شاہین نے کہاکہ جج ارشد ملک اور ناصربٹ کی ملاقات میں ویڈیو میں نے بنائی، ویڈیو بنانے میں ناصربٹ کے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ دریں اثناء جج ویڈیو سکینڈل کیس میں ملزم حمزہ بٹ نے اعتراف جرم کرلیا جس پرعدالت نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ پیر کو ملزم حمزہ بٹ کا164 کا بیان عدالت میں پیش کر دیا گیا،ملزم حمزہ بٹ نے اعتراف جرم کر لیا۔ ملزم حمزہ بٹ نے کہاکہ جج ویڈیو سکینڈل میں سہولت کاری کا کام کیا، ویڈیو بنا کے ویڈیوسکینڈل کے مرکزی ملزم ناصر بٹ کو فراہم کی۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہاکہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے جسمانی ریمانڈ پر حوالے کیا جائے۔عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ایف آئی اے 17 اکتوبر کو ملزم حمزہ بٹ کو دوبارہ پیش کرے گی۔ جج وڈیو اسکینڈل کیس کے ملزم فیصل شاہین نے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک اور لیگی کارکن ناصربٹ کی ویڈیو بنانے کا اعتراف کرلیا۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج راجا جواد عباس حسن نے جج وڈیو اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔